پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور پاکستان کےمتوقع وزیر اعظم عمران خان نے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کے ساتھ ملاقات میں خطے میں ایران کے کردار کو قابل تحسین قراردیتے ہوئےکہا ہے کہ وہ ایران اور سعودی عرب کے مابین تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نےایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان  تحریک انصاف کے سربراہ اور پاکستان کےمتوقع وزیر اعظم عمران خان نے ایرانی سفیر کے ساتھ ملاقات میں خطے میں ایران کے کردار کو قابل تحسین قراردیتے ہوئےکہا ہے کہ وہ ایران اور سعودی عرب کے مابین تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں متعین ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے بنی گالہ میں پی ٹی آئی سربراہ عمران خان سے ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر ایرانی صدر حسن روحانی کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا، ملاقات میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، شیریں مزاریں اور نعیم الحق بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون اور اشتراک کی تمام راہیں کھلی ہیں، ایران علاقائی تعاون اور ترقی کے ایجنڈے میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کا بھی خواہاں ہے جبکہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے پاکستان کا مستقبل بدل سکتا ہے اور ایران اس منصوبے کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعمیری بات چیت کیلئے تیار ہے۔

ایرانی سفیر نےمزید کہا کہ خطے کی صورتحال نہایت حساس ہے تاہم ایران خطے میں امن کے لئے پاکستان کی تجاویز کا خیرمقدم کرے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے ایرانی صدر کی جانب سے مبارک باد کا پیغام پہنچانے اور مبارکباد دینے پر ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے، اپنی سالمیت کے تحفظ کیلئے ایران کا کردار قابل تحسین ہے جب کہ ہم ایران اور سعودی عرب کے مابین تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

عمران خان نے دورہ ایران کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا دورہ کرنے اور ایران کے تاریخی مقامات کی زیارت کی خواہش رکھتے ہیں۔