جرمنی کے شہر ڈریسڈن میں دوسری عالمی جنگ کے ایک بم کو ناکارہ بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جرمنی کے شہر ڈریسڈن میں دوسری عالمی جنگ کے ایک بم کو ناکارہ بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بم منگل کی شام کو مرکزی ڈریسڈن میں ترقیاتی کام کے دوران ملا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بم250کلو گرام وزنی ہے جسے ناکارہ بنانے کی پہلی کوشش گزشتہ روز کی گئی جوناکام ثابت ہوئی اور نتیجے میں ایک چھوٹا دھماکہ ہوا اور علاقے میں آگ لگ گئی۔

جرمن حکام کے مطابق 9 ہزار افراد کو علاقے سے باہر نکال لیا گیا ہے جن میں زیادہ تر بزرگ افراد شامل ہیں۔ تمام افراد نے 2راتیں گھروں سے باہر گزاریں جبکہ بم پھٹنے کے خدشات پر ڈریسڈن ایئرپورٹ پر تمام فلائٹس منسوخ کردی گئی ہیں۔

حکام نے مزید بتایا کہ بم جنگ عظیم دوئم میں برطانوی اور امریکی اتحادیوں نے فضائی حملے میں بمباری کے دوران جرمن شہر پر برسائے تھے۔