مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ اور چین نے تجارتی محاذ آرائی کو ختم کرکے ایک دوسرے کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے اور مزید پابندیاں نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق امریکی وزیر خزانہ اسٹیون نوشن نے امریکہ اور چین کے درمیان جاری تجاری محاز آرائی کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اور چینی مذاکرات کاروں کے درمیان ہونے والی بات چیت کے دوران محاذ آرائی کے خاتمے اور تجارتی عدم توازن کو دور کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے اپنے ایک اور انٹرویو میں امریکی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے باہمی تجارت کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے جس کے تحت چین امریکہ سے مزید توانائی اور زرعی اشیاء خریدے گا تاکہ امریکہ کا چین کے ساتھ 335 ارب ڈالر کا خسارہ کم کیا جاسکے جب کہ امریکی وزیر تجارت بھی جلد چین کا دورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی صدر نے تجارتی جنگ کو پسندیدہ قرار دیتے ہوئے چین سے درآمد کردہ اشیاء پر ٹیکس عائد کردیا تھا جس کے جواب میں چین نے بھی امریکی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیکس لگا دیا تھا ۔