اقوام متحدہ میں غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی تحقیقات کے لیے پیش کی گئی قرارداد کو امریکہ نے ویٹو کردیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اقوام متحدہ میں غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی تحقیقات کے لیے پیش کی گئی قرارداد کو امریکہ نے ویٹو کردیا۔ اطلاعات کے مطابق فلسطین میں اسرائیلی فوج کی جارحیت اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی پر کویت کی درخواست پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جہاں معصوم شہریوں کے قتل عام کی تحقیقات کے لیے پیش کی گئی قرار داد کو امریکہ نے اپنی ویٹو پاور استعمال کرتے ہوئے بلاک کردیا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹرس نے فلسطینیوں کی شہادتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جارحیت اور خون خرابے کو اب ختم ہو جانا چاہیے۔ فلسطین میں بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنایا جائے اور ہر قسم کے مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے ڈھونڈ لینا چاہیے۔ انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی اسرائیلی مظالم کو بین الاقوامی امن کے خلاف خطرناک سازش قرار دیا ہے۔