اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے نہتے فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ اور مجرمانہ فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیل کے خلاف کارروائی کرنے کامطالبہ کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے نہتے فلسطینی مظاہرین پر اسرائیل کی وحشیانہ اور مجرمانہ فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیل کے خلاف کارروائی کرنے کامطالبہ کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ اسرائيل کی ظالم و جابر حکومت نے اسرائیل کی تشکیل کے منحوس دن اور امریکی سفارتخانہ کی بیت المقدس منتقلی کے موقع پر فلسطین کو ایک بار پھر لہو لہان کرتے ہوئے 58 فلسطینیوں کو شہید اور ہزاروں کو زخمی کردیا ہے ۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عالمی اداروں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے فلسطینیوں کو ان کے حقوق دلانے کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں۔ بہرام قاسمی نے کہا کہ اسرائيل گذشتہ 70 سال سے فلسطینی بچوں ، خواتین اور مردوں کو قتل عام کرتا چلا آرہا ہے۔

قاسمی نے کہا کہ فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیل مظالم کو امریکہ کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران فلسطینیوں کی انسانی، اخلاقی اور سیاسی حمایت کا سلسلہ جاری رکھےگا اور فلسطینیوں کو کسی بھی قیمت پر تنہا نہیں چھوڑےگا۔