رہبر معظم انقلاب اسلامی کے بین الاقوامی امور کے مشیر اور اسلامی بیداری کے سکریٹری جنرل علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ امریکہ کو امت مسلمہ اور اسلامی ممالک کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گي اور مسلمان عنقریب بیت المقدس میں نماز ادا کریں گے ۔

مہر خبررساں ایجنسی  کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق  قرآن مجید کے 35 ویں بین الاقوامی مقابلوں میں شریک قاریوں اور حافظان قرآن کے اجتماع سے خطاب میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے بین الاقوامی امور کے مشیر اور اسلامی بیداری کے سکریٹری جنرل علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ  امریکہ کو امت مسلمہ اور اسلامی ممالک کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گي اور مسلمان عنقریب بیت المقدس میں نماز ادا کریں گے ۔ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ قرآن مجید وہ  واحد آسمانی کتاب ہے جس میں  سب سے زیادہ علم و دانش اور غور و فکر پر زوردیا گیا ہے متعدد آیات قرآنی میں ہر عمل پر علم کی برتری اور جاہل پر عالم کی برتری کی طرف واضح  اشارے موجود ہیں ۔ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ عالمی سامراجی طاقتیں مختلف بہانوں سے عالم اسلام کا سرمایہ اور دولت لوٹ رہی ہیں اور ہماری ہی لوٹی ہوئی دولت کو ہمیں کمزور بنانے کے لئے استعمال کررہی ہیں۔

ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک پر حملے میں امریکہ کو شکست ہوگئی ہے شام میں بھی امریکی شکست نمایاں ہے جبکہ شامی حکومت اسلام کے سائے میں روز بروز مضبوط ہورہی ہے۔

ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ امریکہ اسلامی ممالک کو تقسیم کرنے کے شوم منصوبے پر گامزن ہے لیکن امریکہ اپنے اس ہدف میں بھی ناکام ہوجائے گا۔ ایران کے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اس وقت دنیا میں اسلامی بیداری کا علمبردار ہے اور مسلمان بہت جلد بیت المقدس ميں نماز ادا کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ  مسلم ممالک میں اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے جبکہ ایران مسلم ممالک میں اتحاد پیدا کرنے کی تلاش و کوشش میں مصروف ہے۔ اور اللہ تعالی نے ہمیشہ ایران کی کوششوں کو کامیاب بنایا ہے۔