پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی نے سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے متنازع بیان کو پارلیمنٹ کی توہین قرار دیتے ہوئے تحریک استحقاق لانے کا فیصلہ کرلیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی نے سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے متنازع بیان کو پارلیمنٹ کی توہین قرار دیتے ہوئے تحریک استحقاق لانے کا فیصلہ کرلیا۔ پارٹی موقف کے حوالے سے شیریں رحمٰن نے واضح کیا کہ پی پی پی قیادت شاہد خاقان عباسی کے خلاف سینیٹ میں تحریک استحقاق لانے کا حتمی فیصلہ کرچکی ہے کیونکہ وزیراعظم سینیٹ چیئرمین کے خلاف مسلسل متنازع بیان دے کر پارلیمنٹ کی تضحیک کا باعث بنے ہیں۔

ادھر پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے ڈان کو آگاہ کیا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پہلے سینیٹ چیئرمین کے خلاف وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے مخالف بیانات پر پارٹی تحریک استحقاق لانے کا مصمم ارادہ کر چکی ہے۔