یوم پاکستان کی مناسبت سے شکر پڑیاں گراؤنڈ اسلام آباد میں پاکستان کی مسلح افواج کی پریڈ منعقد ہوئی جس میں صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شرکت کی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یوم پاکستان کی مناسبت سے شکر پڑیاں گراؤنڈ اسلام آباد میں پاکستان کی مسلح افواج کی پریڈ منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے  صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شرکت کی۔ اس تقریب میں سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا نے خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔ صدر ممنون حسین روایتی انداز میں گھڑ سوار دستے کے حصار میں پریڈ گراؤنڈ پہنچے۔ مسلح افواج کے سربراہان نے صدر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا اور انہیں سلامی دی گئی۔ سلامی کے بعد جیپ میں سوار صدر ممنون نے پریڈ میں حصہ لینے والے مسلح افواج کے دستوں کا معائنہ کیا۔ یوم پاکستان پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ ملکی تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں، 23 مارچ 1940 کو ہمارے بزرگوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کیا۔