نیٹو کی رکن ریاست مونٹی نیگرو میں امریکی سفارت خانے پر خودکش حملہ ہوا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نیٹو کی رکن ریاست مونٹی نیگرو میں امریکی سفارت خانے پر خودکش حملہ ہوا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اطلاعات کے مطابق یورپی ریاست مونٹی نیگرو کے دارالحکومت پوٖڈ گوریکا میں امریکی سفارتخانے پر خودکش حملہ کیا گیا ہے تاہم حملہ آور کے علاوہ کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں۔

امریکی وزارت خارجہ نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بیان جاری کیا ہے کہ مونٹی نیگرو میں واقع امریکی سفارت خانے کی عمارت کے اندرونی کمپاؤنڈ میں دھماکہ ہوا ہے اور اس حوالے سے مقامی پولیس کو امریکی سفارتخانے کی جانب سے ہر قسم کا تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ جب کہ مونٹی نیگرو میں مقیم تمام امریکی باشندوں کو احتیاط برتنے کی تلقین اور بلاضرورت سفر کرنے سے منع کیا گیا ہے۔

پوڈ گوریکا پولیس حکام نے حملے کو خودکش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ رات حملہ آور نے سفارت خانے کے اندرونی صحن میں پہلے دستی بم پھینکا اور پھر قریبی گلی میں جا کر خود کو بارودی مواد سے اڑا لیا تاہم سفارتخانے میں موجود تمام افراد محفوظ رہے۔