یمن پر سعودی عرب کی مجرمانہ اور بہیمانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ یمن کے صوبہ تعز پر سعودی عرب کے جنگی طیاروں کی تازہ ترین بمباری میں 7 یمنی شہری شہید ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے سبا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یمن پر سعودی عرب کی مجرمانہ اور بہیمانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ یمن کے صوبہ تعز پر سعودی عرب کے جنگی طیاروں  کی تازہ ترین بمباری میں 7 یمنی شہری شہید ہوگئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ تعز کے الصلو علاقہ پر وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں 7 افراد شہید اور 1 زخمی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق تقریبا گذشتہ تین برسوں سے یمن پر سعودی عرب کی جارحیت اور بربریت کا سلسلہ جاری ہے اس دوران سعودی عرب نے یمن کے بنیادی ڈھانچے کو بالکل تباہ و برباد کردیا ہے ۔ اس غیر منصفانہ جنگ میں سعودی عرب کو امریکہ سمیت دس ممالک کی حمایت حاصل ہے لیکن اس کے باوجود سعودی عرب اپنے اصلی اہداف تک پہنچنے میں ناکام ہوگيا ہے اور اسے یمن کی جنگ میں ذلت و رسوائی اور شکست کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ تین برسوں میں یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 35 ہزار افراد شہید اور زخمی ہوگئے ہیں جن میں بچوں اور خواتین کی بڑي تعداد شامل ہے۔