مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے بین الاقوامی پولیس انٹرپول کی نشاندہی پر جھنگ میں چھاپہ مار کر بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایف آئی اے نے جھنگ میں کارروائی کرتے ہوئے بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس کا کہنا ہے کہ انٹرپول کینیڈا کی نشاندہی پر جھنگ میں کارروائی کی گئی، جس کے دوران تیمور مقصود نامی شخص کو گرفتار کرلیا گیا جس کے قبضے سے لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر برآمد ہوا ہے جس میں بچوں کی نازیبا ویڈیوز کا مواد اور دیگر غیرقانونی سامان بھی شامل ہے، ملزم کی نشاندہی پر اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
خالد انیس کا کہنا ہے کہ تیمور مقصود الیکٹریکل انجینئر ہے اور دوسال قبل اس گروہ میں شامل ہوا، ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اس جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔