متحدہ عرب امارات نے قطر کے شاہی خاندان کے ایک اعلیٰ رکن شیخ عبداللہ بن علی آل ثانی کو گرفتار کرلیاہے۔

مہر خبررساں ایجنسی ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے قطر کے شاہی خاندان کے ایک اعلیٰ رکن شیخ عبداللہ بن علی آل ثانی کو گرفتار کرلیاہے۔ اطلاعات کے مطابق قطر کے شاہی خاندان کے اعلیٰ رکن شیخ عبداللہ بن علی آل ثانی نے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ انہیں متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ شیخ عبداللہ بن علی آل ثانی کا کہنا ہے کہ انہیں کچھ بھی ہوسکتا ہے جس کا الزام قطر پر لگادیا جائے گا لیکن میں پہلے سے بتا رہا ہوں کہ قطری حکومت کا اس میں کوئی ہاتھ نہیں ہو گا۔ شیخ عبداللہ بن علی آل ثانی نے کہا کہ پہلے تو میں ابو ظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید النہیان کا شاہی مہمان تھا لیکن اب مجھے حراست میں لے لیا گیا ہے، میں واضح کر رہا ہوں کہ مجھے کچھ ہوا تو قطر نہیں بلکہ شیخ محمد بن زاید النہیان اس کے ذمہ دار ہوں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال سے قطر کے خلاف سعودی عرب، بحرین ، مصر اور متحدہ عرب امارات بری، بحری اور فضائی پابندیاں عائد کررکھی ہیں 4 عرب ملکوں نے قطر پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام عائد کررکھا ہے جبکہ زیادہ تر دہشت گردوں کا تعلق سعودی عرب سے ہے۔