روس کے نائب وزیر خارجہ نے امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے مشترکہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں اشتعال انگیز بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس مشترکہ ایٹمی معاہدے کو کمزور کرنے والے ہر اقدام کے خلاف ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے اسپوٹنک کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مشترکہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں اشتعال انگیز بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس مشترکہ ایٹمی معاہدے کو کمزور کرنے والے ہر اقدام کے خلاف ہے۔ روس کے نائب وزير خارجہ نے کہا کہ روس بھی یورپی یونین کی طرح ایٹمی معاہدے پر عمل جاری رکھےگا ۔ روس کے نائب وزیر خارجہ نے ایران اور گروپ 1+5 کے درمیان مشترکہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں امریکی صدر کے بیان کو منفی قراردیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ قابل اعتماد نہیں اور نہ ہی امریکہ کے ساتھ  مذاکرات  کا کوئی فائدہ ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مشرتکہ ایٹمی معاہدے کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے یہ قدم آخری مرتبہ اٹھایا ہے تاکہ یورپ اور امریکہ اس معاہدے میں  موجود نقائص دور کر سکیں۔ جبکہ یورپی یونین کا کہنا ہے کہ معاہدہ جامع ہے اور اس میں مزید کسی ترمیم کی کوئی گنجائش نہیں ہے جبکہ ایران نے بھی معاہدے پر نظر ثانی کو رد کردیا ہے۔