پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی فورسز نے لبیک یا رسول اللہ (ص) دھرنے کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے وسیع علاقے کو کلیئر کرالیا ہے مظاہرین اور اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں اور علاقہ میدان جنگ بن گیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی فورسز نے لبیک یا رسول اللہ (ص) دھرنے کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے وسیع علاقے کو کلیئر کرالیا ہے . مظاہرین اور اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں اور علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ آپریشن میں پولیس، رینجرز اور ایف سی حصہ لے رہی ہیں، ایس ایس پی آپریشنز کارروائی کی قیادت جبکہ چیف کمشنر اور آئی جی پولیس مانیٹرنگ کررہے ہیں۔ سیکورٹی فورسز مظاہرین کی بڑی تعداد کو منتشر کرنے میں کامیاب ہوچکی ہیں اور فیض آباد کا وسیع علاقہ کلیئر کرایا جاچکا ہے تاہم احتجاج کے لیے بنایا گیا مرکزی اسٹیج بدستور قائم ہے اور وہاں پر مظاہرین اور ان کی قیادت موجود ہے جن کا سکیورٹی اہلکاروں نے محاصرہ کیا ہوا ہے۔ دھرنے کے اسٹیج پر مرکزی رہنما خادم حسین رضوی اور افضل قادری موجود ہیں اور پولیس کو مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کے باعث شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔ جب کہ گرد و نواح کے علاقوں اور گلیوں میں بھی مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جس کے نتیجے میں جڑواں شہروں میں صورت حال شدید کشیدہ ہے۔

آپریشن کا سن کر راولپنڈی سے مظاہرین کی بڑی ریلی فیض آباد کے لئے روانہ ہوئی تاہم پولیس نے ڈنڈا بردار مظاہرین کو شمس آباد میں روک لیا اور ان پر شیلنگ کی۔ مظاہرین نے سکیورٹی کے لئے لگائے گئے بیریئر توڑ دئیے اور پولیس پر پتھراؤ کی جارہا ہے جب کہ مری روڈ کو بھی مکمل طور پر بلاک کردیا گیا ہے۔ علاقے میں کشیدگی ہے اور مظاہرین و پولیس میں تصادم جاری ہے۔

جڑواں شہروں کے اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔ تمام تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہنگامہ حالت نافذ ہے۔ 14 زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور زخمیوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ ایک زخمی پولی کلینک اسپتال میں ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف مقامات پر مذہبی جماعت کے کارکنوں نے سڑکیں بلاک کردی ہیں۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں 20 روز سے مذہبی جماعتوں کا دھرنا جاری تھا اور مظاہرین  الیکشن کے کاغذات نامزدگی میں ختم نبوت سے متعلق ترمیم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے تھے۔ دھرنے کی وجہ سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ انتظامیہ نے مظاہرین کو دھرنا ختم کرنے کے لیے آج صبح 7 بجے تک کی ڈیڈ لائن دی تھی جو ختم ہونے پر آپریشن کیا گیا۔