مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر کوئٹہ کی ہزار گنجی سبزی منڈی میں پولیس کی گاڑی کے قریب بم دھماکہ ہوا ہے جس میں کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اطلاعات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی سبزی منڈی میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہواہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں، ریسکیو اہلکاراور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بتایا کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا ہے، جب کہ دھماکہ خیز مواد سبزی منڈی کے گیٹ کے قریب رکھا گیا تھا۔
دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ پولیس کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس کے مطابق ابھی تک کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ پولیس اور ایف سی کی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جب کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔