متحدہ عرب امارات نے شمالی کوریا سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے شمالی کوریا سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے شمالی کوریا سے سفارتی تعلقات کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پیانگ یانگ سے اپنے سفارتکاروں کو واپس بلا لیا ہے جب کہ شمالی کوریا کے شہریوں کو یو اے ای کے ویزے کا اجراء روک دیا گیا ہے۔ اماراتی حکومت نے شمالی کوریا کی کمپنیوں کو نئے لائسنس جاری نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل کویت اور قطر نے بھی شمالی کوریا کے شہریوں کو ویزے کی فراہمی روک دی تھی۔کویت نے شمالی کورین سفیر کو ایک ماہ کی جبری رخصت پر بھیجتے ہوئے  نئے ویزوں کا اجرا نہ کرنے کا اعلان کیا تھا جب کہ قطر نے بھی شمالی کوریا کے شہریوں کو ویزوں کی تجدید  نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔