اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے میانمار کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر راکھائن میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ملٹری ایکشن اور ظلم و ستم بند کرے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے میانمار کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر راکھائن میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ملٹری ایکشن اور ظلم و ستم بند کرے۔ اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس نے کہا کہ میانمار میں قیامت خیز انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، برمی سکیورٹی فورسز کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں پر حملے ناقابل قبول ہیں لہٰذا فوجی کارروائی کو فوری طور پر روکا جائے۔ سکریٹری جنرل نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ جتنا ممکن ہو امداد فراہم کریں تاکہ انسانی بحران سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے بنگلہ دیش جانے والے مہاجرین کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار تھی تاہم اب یہ تعداد 3 لاکھ 80 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ مہاجرین کی بڑی تعداد عارضی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہے اور جو مہاجرین آرہے ہیں وہ خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔