اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل جعفری نے وزیر دفاع بریگیڈیر جنرل امیر حاتمی سے ملاقات میں دشمنوں کےخطرات کے مقابلے میں ہوشیاری پر تاکید کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل محمد علی جعفری نے وزیر دفاع بریگیڈیر جنرل امیر حاتمی سے ملاقات میں دشمنوں کےخطرات کے مقابلے میں ہوشیاری پر تاکید کی ۔ بریگیڈیر جنرل امیر حاتمی کے وزیر دفاع بننے کے بعد ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے ان سے ملاقات کی اور انھیں وزیر دفاع منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ اس ملاقات میں جنرل جعفری اور وزیر دفاع امیر حاتمی نے دشمنوں کی طرف سے لاحق خطرات کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے ملکی دفاع کو مضبوط اور مستحکم بنانے پر زوردیا۔ وزیر دفاع  امیر حاتمی نے اس ملاقات میں سپاہ اور فوج کو انقلاب اسلامی کے دو مضبوط بازو قراردیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کو علمی، رزمی اور دفاعی توانائیوں کو فروغ دیکر ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور ملکی و قومی دفاع مسلح افواج کی اصلی اور بنیادی ذمہ داری ہے۔