مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ایران کے ٹی وی چینل ایک پر براہ راست گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا زمانہ اب ختم ہوگیا ہے اب امریکہ ماضی کی طرح ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے لئےاجماع قائم نہیں کرپائےگا۔ امریکہ کو عالمی سطح پر بہت بری صورتحال کا سامنا ہے۔ صدر حسن روحانی نے ایران کے خلاف امریکی دھمکیوں اور الزامات کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکی سیاست اندرونی طور پر متزلزل ہوچکی ہے امریکہ کے موجودہ صدر کی ملکی اور غیر ملکی سطح پر مقبولیت کی سطح بہت نیچے گر گئی ہے امریکہ کئی ممالک پر اپنا زور مسلط کرنے کی تلاش و کوشش کررہا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ کے بارے میں اس کی پارٹی کے لوگ بھی کوئی پیشنگوئی نہیں کرسکتے ۔ لیکن مجموعی طور پر حالات ایران کے حق میں اور امریکہ کے خلاف ہیں۔ کیونکہ امریکہ نے مشترکہ ایٹمی معاہدے کے خلاف محاذ کھول دیا ہے اور اس محاذ میں اسے یورپی ممالک اور گروپ 1+5 کا مقابلہ کرنا پڑےگا ۔ مشترکہ ایٹمی معاہدہ ایک عالمی معاہدہ ہے جسے امریکہ آسانی کے ساتھ نظر انداز نہیں کرسکتا۔
صدر روحانی نے کہا کہ ایران مشترکہ ایٹمی معاہدے پر عمل پیرا ہے بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی نے ایران کے تمام اقدامات کی مختلف رپورٹوں میں تائید بھی کردی ہے عالمی برادری ایران کے ساتھ ہے کل ہی فرانس کے صدر نے مشترکہ ایٹمی معاہدے کی حمایت میں بیان دیا ہے۔امریکہ ماضی میں ایران کے خلاف فوری طور پر اجماع قائم کرلیتا تھا لیکن اب وہ اس پوزیشن میں نہیں ہے اب ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں کوئی امریکہ کی بات کا خریدار نہيں ہے۔ صدر حسن روحانی نے بے روزگاری اور معاشی اور اقتصادی صورتحال کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بینکی نظام میں تبدیلی لانے کی کوشش کی جاری رہی ہے اور تمام وزراء پر زوردیا گیا ہے کہ وہ روزگار فراہم کرنے اور ملک کی معاشی اور اقتصادی ترقی کے سلسلے میں عملی قدم اٹھائیں ۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی قوم اخلاق اور ثقافت کے لحاظ سے دنیا میں نامور اور معروف قوم ہے اور ثقافتی و سماجی سطح پر ایرانی قوم پیش پیش ہےاور مذہبی اور دینی امور میں بھی ایرانی قوم کا گراف بہت اونچا ہے۔