مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق مجمع تشخیص مصلحت نظام کے اسٹراٹیجک تحقیقاتی سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ ایران کے حساس فوجی اداروں کے معائنہ کی آرزو امریکہ اپنے ساتھ قبر میں لےجائےگا کوئی بھی ملک اپنے حساس فوجی مراکز کے معائنہ کی کسی کو اجازت نہیں دےسکتا۔ امریکہ بہت سی دیگر آرزؤں کے ساتھ اس آرزو کو بھی اپنے ساتھ قبر میں لے جائے گا۔
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے عراق کے شہر موصل اور اس کے بعد تلعفر کی آزادی اور دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کی پسپائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی عناصر اور ایجنٹوں کو خطے میں شکست اور ناکامی کا سامنا ہے داعش کی شکست در حقیقت امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کی شکست ہے کیونکہ داعش کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے تشکیل دیا اور انھیں پیشرفتہ ہتھیار فراہم کئے۔ انھوں نے کہا کہ شام اور عراق میں ایران اور روس کے اتحاد کو کامیابی مل رہی ہے جبکہ امریکی اتحاد کو شکست و ناکامی کا سامنا ہے۔