قطری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ہر سطح پر دو طرفہ سفارتی تعلقات بحال کرتے ہوئے اعلان کیا ہےکہ قطری سفیر بہت جلد واپس تہران جائیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ قطری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ہر سطح پر دو طرفہ سفارتی تعلقات بحال کرتے ہوئے اعلان کیا ہےکہ قطری سفیر بہت جلد واپس تہران جائیں گے۔ قطر نے گذشتہ برس سعودی عرب میں ایک شیعہ عالم کو سزائے موت دیے جانے کے بعد ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کے بعد ریاض سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تہران سے اپنا سفیر واپس بلا لیا تھا۔ گذشتہ برس اپنا سفیر واپس بلانے کے باوجود قطر کے ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات استوار تھے کیونکہ دوحہ اور تہران خلیج فارس میں قدرتی گیس سے مالا مال حصے میں بھی شراکت دار ہیں۔ ادھر ایرانی وزیر خارجہ کے ترجمان نے بھی قطر کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعمیری تعلقات پر یقین رکھتا ہے۔ ذرائع کے مطابق قطر نے سعودی عرب سمیت 4 عرب ممالک کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں کے باوجود ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات مکمل طور پر بحال کرلیے ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی عرب ممالک نے قطر پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات ختم کردیئے تھے۔