مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے مشترکہ ایٹمی معاہدے کی صریح خلاف ورزی پر امریکی صدر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے اپنے اتحادیوں پر بھی ثابت کردیا ہے کہ امریکہ اچھا اور قابل اعتماد ساتھی نہیں ہے۔ ایرانی صدر نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ کی نئی پابندیاں مشترکہ ایٹمی معاہدے کی خلاف واضح ورزی ہے اور ایران بھی امریکی پابندیوں کا مناسب جواب دےگا۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ اگر امریکہ مشترکہ ایٹمی معاہدے سے پہلے والی صورتحال میں واپس جانا چاہتا ہے تو ایران کو بھی پہلی صورتحال میں واپس جانے میں کوئی دیر نہیں لگے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران جوہری معاہدے پر عمل پیرا ہے ایران جنگ کے مقابلے میں اس معاہدے کو امن اور جمہوریت کی فتح قرار دیتا ہے لیکن یہ واحد آپشن نہیں ہے اور اسے ایران کی کمزوری بھی نہیں سمجھنا چاہیے۔حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ دکھا دیا ہے کہ وہ نا قابل بھروسہ ہیں، نہ صرف ایران کے لیے بلکہ امریکی اتحادیوں کے لیے بھی ناقابل اعتماد ہیں۔ صدر حسن روحانی نےکہا کہ امریکہ کا پیرس موسمی تبدیلی معاہدے اور بین الاقوامی تجارتی معاہدے سے خود کو علیحدہ کرنا اس کا واضح ثبوت ہے۔
اجراء کی تاریخ: 15 اگست 2017 - 19:20
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے مشترکہ ایٹمی معاہدے کی صریح خلاف ورزی پر امریکی صدر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے اپنے اتحادیوں پر بھی ثابت کردیا ہے کہ امریکہ اچھا اور قابل اعتماد ساتھی نہیں ہے۔