مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی وزارت خارجہ کےترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان در حقیقت ہندوستانی دہشت گردی کا شکار ہےجبکہ پاکستان میں ہندوستان کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ہفتے وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے افغانستان میں دہشت گرد حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہم افغانستان میں امن و استحکام چاہتے ہیں اور وہاں امن لانے کے ہر عمل میں شریک رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی، دہشت گردی ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی جہاں بھی ہو اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں، معصوم انسانی جانوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہندوستان کشمیر کی آزادی کی تحریک کو دہشت گردی قراردے رہا ہے اور دہشت گردی کو بہانہ بنا کر وہ کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارتی بے بنیاد الزامات اپنے دہشتگردی سے رنگے ہاتھ چھپانے کی کوشش ہے، بھارت پاکستان پر دہشتگردی مسلط کرتا ہے اور دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خود بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے جب کہ بھارتی سرکاری حکام نے پاکستان میں ریاستی دہشت گردی کے پھیلاوٴ کو تسلیم کیا ہے۔