مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کا دفاعی ساز و سامان تیار کرنے والی معروف امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن نے جدید ترین ایف سولہ جنگی طیاروں کی ہندوستان میں تیاری پر آمادگی ظاہر کردی جس کے بعد ان طیاروں کو ہندوستان میں تیارکرنےکی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایف سولہ طیاروں کی تیاری کے حوالے سے امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن اور ہندوستانی کمپنی ٹاٹا ایڈوانس سسٹمز لمیٹڈ کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔دونوں کمپنیوں کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں تیار کیے جانے والے ایف سولہ طیاروں میں جدید آلات اور نیو جنریشن الیکٹرانکس نصب کیے جائیں گے۔
کمپنیوں کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جن طیاروں کی تیاری پر اتفاق ہوا ہے وہ بلاک 70 ٹائپ ہوں گے جو کہ تکنیکی اعتبار سے ایف سولہ طیاروں کی جدید ترین قسم ہے۔ پیرس ایئرشو کے افتتاحی روز دونوں کمپنیوں نے اس بات کا اعلان کیا کہ ایف 16 بلاک 70 بھارتی ایئر فورس کی ضروریات کے لیے بہترین ہیں اور یہ بھارت امریکہ انڈسٹری پارٹنرشپ کے اس اقدام کو سپورٹ کرتا ہے جس کے تحت وہ بھارت کی نجی ایرو اسپیس اور دفاعی پیداوار کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی عہدہ سنبھالنے کے بعد سے یہ مہم چلاتے آئے ہیں کہ غیر ملکی کمپنیوں کو اس بات پر مجبور کیا جائے کہ اگر وہ بھارت سے معاہدہ کرنا چاہتے ہیں تو اپنے پیداواری پلانٹس بھی بھارت میں ہی لگائیں تاکہ ملکی معیشت پر درآمدات کا بوجھ کم ہوسکے۔