نیپالی حکومت نے بہار کے آغاز میں مونٹ ایورسٹ سر کرنے والے کوہ پیماﺅں سے رابطے میں رہنے اور چوٹی سر کرنے کے دوران مشکلات سے بچنے کے لئے جی پی ایس کا سہارا لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نیپالی حکومت نے بہار کے آغاز میں مونٹ ایورسٹ سر کرنے والے کوہ پیماﺅں سے رابطے میں رہنے اور چوٹی سر کرنے کے دوران مشکلات سے بچنے کے لئے جی پی ایس کا سہارا لینے کا فیصلہ کیا ہے۔300 ڈالر مالیت کی جی پی ایس ڈوائسز ابتدائی طور پر چندکوہ پیماﺅں کو تجرباتی بنیادوں پر دی جائیں گی۔ ان ڈوائسز کے استعمال سے خطرناک حالات سے دوچار ہونے والے کوہ پیماﺅں کو ریسکیو کرنے میں آسانی ہوگی۔
نیپال ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ درگا دتادھکل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال سینکڑوں کوہ پیماءمونٹ ایورسٹ سر کرنے آئیں گے جن کی سکیورٹی اور چوٹی سر کرنے کے دوران پیش آنے والے نامساعد حالات سے انہیں محفوظ رکھنے کے لئے نیپالی حکومت جی پی ایس ڈوائس استعمال کرے گی۔ تجرباتی طور پر چند کوہ پیماﺅں کو یہ ڈوائسز دی جائیں گی۔گذشتہ سال 19کوہ پیما مونٹ ایورسٹ سر کرتے ہوئے ہلاک ہوئے تھے جبکہ61کوہ پیما شدید زخمی ہوئے تھے۔ ان ڈوائسز کے استعمال کے بعد مونٹ ایورسٹ سر کرنے کے دوران ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد میں کمی ہونے کی توقع ہے۔ ڈوائسز کا ڈیٹا مونٹ ایورسٹ پر کوہ پیماﺅں کے تمام لمحات کو محفوظ کرے گا ۔ ان کی واپسی پر ڈیٹا چیک کیا جائے گا کہ وہ پہاڑکی چوٹی پر پہنچے ہیں یا راستے سے ہی واپس آکر ایورسٹ سر کرنے کا دعوی کر رہے ہیں۔