ہندوستان میں علیحدگی پسند گروپ ماﺅ باغیوں نے پیرا ملٹری کمانڈوز کے قافلے پر حملہ کر کے 11 فوجی جوانوں کوہلاک کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان میں علیحدگی پسند گروپ ماﺅ باغیوں نے پیرا ملٹری کمانڈوز کے قافلے پر حملہ کر کے 11 فوجی جوانوں کوہلاک کردیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ہندوستانی ریاست رائے پور کے ضلع سکما میں پیرا ملٹری فورس کے کمانڈوز ایک سڑک کی تعمیر کرنے والے مزدوروں کو تحفظ دینے کے لیے جا رہے تھے کہ راستے میں ماﺅ باغیوں نے ان پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 11جوان ہلاک ہو گئے جبکہ حملے کے دوران سی پی آر ایف کے تین جوان شدید زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ ہندوستانی ذرائع کے مطابق حملہ آور سکیورٹی فورسز کے ہتھیار اور وائر لیس ریڈیو بھی اپنے ساتھ لے گئے ۔واضح رہے کے ماﺅ نوا ز باغی بھارت کی 20ریاستوں میں رہتے ہیں لیکن ان کا سب سے زیادہ اثر و رسوخ چھتیس گڑھ ،اوڑیسہ ،بہار ،جھاڑ کنڈ اور مہاراشٹرا میں ہے جہاں ان کے پاس ہزاروں کلو میٹر زمین ہے۔