شام کے وزير اعظم نے حلب کی کامیابی کو شامی عوام، شامی حکومت اور شام کے حامی ممالک اور گروہوں کی کامیابی قراردیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا شام اور خطے سے صفایا کردیا جائےگا۔

شام کے دارالحکومت دمشق میں مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو میں شام کے وزير اعظم عماد خمیس نے حلب کی کامیابی کو شامی عوام، شامی حکومت اور شام کے حامی ممالک اور گروہوں کی کامیابی قراردیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا شام اور خطے سے مکمل صفایا کردیا جائےگا۔ انھوں نے کہا کہ وہابی دہشت گردوں کو سعودی عرب، امارات ، قطر اور ترکی کی سرپرستی حاصل ہے ۔ شامی وزير ا‏عظم نے حلب کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حلب میں دہشت گردوں کی ناکامی در حقیقت ان کے حامی ممالک کی ناکامی ہے۔

عماد خمیس نے ترکی، سعودی عرب، امارات اور قطر کے حکام کو خائن قراردیتے ہوئے انھیں خطے میں امریکی اوراسرائیلی ایجنٹ قراردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ ملکر اسلام اور مسلمانوں کی پشت میں خنجر گھونپ رہا ہے۔

شامی وزیر اعظم نے کہا کہ آج شام، حزب اللہ لبنان ، اسلامی جمہوریہ ایران اور روس در حقیقت دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہیں جبکہ امریکہ، اسرائيل، سعودی عرب ، قطر امارات اور ترکی دہشت گردوں کی بھر پور حامیت کررہے ہیں۔

عماد خمیس نےکہا کہ ایران کے ذرائع ابلاغ شامی عوام کی مظلومانہ آواز کو دنیا تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ انھوں نے کہا کہ شامی عوام اور حکومت ، اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام اور حکام کی ہمدردی اور تعاون کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔