مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی حصے میں واقع بلند ترین امریکی ڈیم ’لیک اوروویل ڈیم‘ کے اسپل وے میں 10 فروری کے روز پڑنے والا شگاف پھیلتا جارہا ہے اور پانی کا رساؤ مسلسل بڑھنے کی وجہ سے گرد و نواح میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے جب کہ لاکھوں افراد کو علاقہ چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔کیلیفورنیا میں چار سالہ خشک سالی کے بعد حالیہ سردیوں میں غیرمعمولی طوفان کے باعث یہ ڈیم تقریباً پورا بھر چکا ہے جس کے ایک اسپل وے میں 10 فروری کو ایک دراڑ نمودار ہوئی جس سے پانی نکلنا شروع ہوگیا۔ یہ دراڑ بند کرنے کی ابتدائی کوششیں ناکام رہیں اور یہ بتدریج پھیلتی ہی چلی گئی جس کے بعد کیلیفورنیا میں آبی وسائل کے محکمے نے ڈیم کے ارد گرد نشیبی علاقوں میں رہنے والوں سے کہا ہے کہ وہ جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔ عارضی طور پر بے گھر ہونے والے ان افراد کےلیے ڈیم سے نکلنے والی آبی گزرگاہ سے 20 میل دور محفوظ پناہ گاہیں بنادی گئی ہیں اور اب تک ایک لاکھ 60 ہزار سے زیادہ افراد وہاں منتقل بھی ہوچکے ہیں۔ البتہ افراتفری کے باعث مختلف کاؤنٹیز سے پناہ گاہوں تک جانے والی سڑکوں پر ٹریفک جام کی صورتِ حال بھی ہے۔ کیلیفورنیا کا محکمہ برائے آبی وسائل اس وقت ہیلی کاپٹروں کی مدد سے اسپل وے پر بھاری چٹانیں اور پتھر گرارہا ہے تاکہ وہاں سے نکلنے والے پانی کا راستہ روکا جاسکے لیکن خدشہ ہے کہ اگر یہ دراڑ مزید آگے بڑھی اور ڈیم کی مرکزی دیوار تک پہنچ گئی تو یہ ڈیم اچانک پھٹ بھی سکتا ہے جس سے آس پاس کا پورا نشیبی علاقہ پانی میں ڈوب جائے گا۔ واضح رہے کہ لیک اوروویل ڈیم اپنی 235 میٹر اونچائی کے ساتھ امریکہ کا سب سے بلند ڈیم بھی ہے جس میں 35 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔
اجراء کی تاریخ: 13 فروری 2017 - 11:42
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی حصے میں واقع بلند ترین امریکی ڈیم میں 10 فروری کے روز پڑنے والا شگاف پھیلتا جارہا ہے اور پانی کا رساؤ مسلسل بڑھنے کی وجہ سے گرد و نواح میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے جب کہ لاکھوں افراد کو علاقہ چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔