اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں 54 سالہ 17 منزلہ پرانی عمارت پلاسکو آگ لگنے کے بعد منہدم ہوگئی ہے عمارت کے ملبے تلے 25 سے 30 افراد کے دب جانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ فائر فائٹرز کے متعدد اہلکار آگ پر قابو پانے کے دوران زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں 54 سالہ 17 منزلہ پرانی عمارت پلاسکو آگ لگنے کے بعد منہدم ہوگئی ہے عمارت کے ملبے تلے 25 سے  30 افراد کے دب جانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ فائر فائٹرز کے متعدد اہلکار آگ پر قابو پانے کے دوران زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق تہران کے مرکزی علاقے میں واقع 17 منزلہ کمرشل عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جسے بجھانے کے لیے فائر فائٹرز کی بڑی تعداد مصروف تھی کہ اسی دوران عمارت زمین بوس ہوگئی۔ایران کے ریسکیو ذرائع کے مطابق  واقعہ میں کم از کم 30 افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ فائرفائٹرز سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ ادھر ایران کے صدر حسن روحانی نے عمارت گرنے پر گہر ے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ کو فوری طور پر تحقیقات کا حکم دیدیا ہے صدر حسن روحانی نے متاثرہ افراد کو فوری طور پر طبی مدد بہم پہنچانے پر بھی تاکید کی ہے۔ تہران کے میئر کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں میونسپلٹی کے کئی اہلکار بھی شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پلاسکو عمارت تہران میں استنبول چوراہے کے مشرقی سمت میں واقع ہے اس عمارت کو ایران کی پہلی ماڈرن اور بلند ترین عمارت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جو 54 سال قبل تعمیر کی گئی تھی ۔