بحیرہ روم میں پناہ گزینوں کی کشتی الٹنے سے 8 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد لاپتہ ہو گئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نےفرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بحیرہ روم میں پناہ گزینوں کی کشتی الٹنے سے 8 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بحیرہ روم میں لیبیا کے ساحل سے 50 کلومیٹر دورتارکین وطن کی ایک کشتی الٹنے سے اس میں سوار 100 سے زائد افراد لاپتہ ہو گئے۔ ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لینے والی اطالوی کوسٹ گارڈز کے مطابق اب تک 8 لاشوں کو نکالا جا چکا ہے جبکہ 4 افراد کو زندہ بچا لیا گیا جنہوں نے بتایا ہے کہ کشتی پر 110 کے قریب افراد سوار تھے۔ اطالوی کوسٹ گارڈ کے ترجمان کے مطابق واقعہ میں امدادی کارروائیوں میں علاقے میں گشت کرنے والے ایک فرانسیسی جنگی بحری جہاز نے بھی حصہ لیا جبکہ اٹلی کا ایک ہوائی جہاز اور بحریہ کا ایک ہیلی کاپٹر بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہا ہے۔ حادثے میں ڈوبنے والے افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔