اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے جرمنی کے سفیر کے ساتھ ملاقات میں جرمنی کو ایران کا اہم تجارتی اور اقتصادی شریک قراردیتے ہوئے کہا کہ ایران تمام یورپی ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے جرمنی کے سفیر کے ساتھ  ملاقات میں جرمنی کو ایران کا اہم تجارتی اور اقتصادی شریک  قراردیتے ہوئے کہا کہ ایران تمام یورپی ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران اور جرمنی کے مختلف شعبوں میں تعلقات ہمیشہ اچھے اور دوستانہ رہے ہیں اور جرمنی نے ایران کے ایٹمی معاملے کو حل کرنے کے سلسلے میں بھی گروپ 1+5 میں اہم اور مثبت کردار ادا کیا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران اور گروپ 1+5 کے درمیان مشترکہ ایٹمی معاہدے کے بعد ایران اور جرمنی کے تعلقات میں فروغ جاری ہے اور ایران تمام یورپی ممالک کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ایرانی صدر حسن روحانی نے دہشت گردی کو عالمی خطرہ قراردیتے ہوئے کہا کہ ایران دہشت گردی کے خلاف ہر ممکن تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔

جرمنی کے سفیر نے بھی اس ملاقات میں خطے میں ایران کے مثبت اور تعمیری اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے لئے تیارہے اور جرمنی کی بڑی کمپنیاں ایران میں سرمایہ لگانے کے لئے آمادہ ہیں۔