مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے اے ٹی آر طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات کے لیے فرانسیسی ٹیم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد پہنچے گی۔ ایوی ایشن ذرائع کے فرانسیسی ٹیم، پاکستان کے سیفٹی اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ (ایس آئی بی) کے ساتھ مشترکہ تحقیقات کرے گی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ طیارے کا بلیک باکس اور وائس ریکارڈر آئندہ ہفتے پیر یا منگل کو فرانس بھیج دیا جائے گا اور بلیک باکس اور وائس ریکارڈر ڈی کوڈ ہونے کے بعد اس کی تمام تر فائلوں کی کاپی پاکستان کے سیفٹی اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ (ایس آئی بی) کے حوالے کردی جائے گی جس کی جانچ میں مزید دو سے تین ہفتے لگیں گے۔
خیال رہے کہ بدھ 7 دسمبر کو پی آئی اے کا چترال سے اسلام آباد آنے والا مسافر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہونے سے جہاز کے عملے سمیت 48 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔