مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے ساتھ اچھا برتاؤ نہ رکھنے پر کیوبا کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کیوبا نے امریکہ کے ساتھ اچھا برتاؤ نہ کیا تو وہ دونوں ممالک کے تعلقات کی بحالی کے معاہدے کوختم کردیں گے۔ امریکہ کے سابق صدربراک اوبامہ نے 2015 میں کیوبا کے دورے کے بعد امریکہ اورکیوبا کے سفارتی تعلقات کو بحال کیا تھا جسے اب ڈونلڈ ٹرمپ بحال رکھنا نہیں چاہتے ہیں۔ نومنتخب صدرکی جانب سے کیوبا کودھمکی اس وقت دی گئی ہے جب کیوبا کے عوام اپنے سابق صدراورانقلاب کی علامت سمجھے جانے والے رہنما فیڈل کاستروکے دنیا سے گزرجانے کے غم میں ہیں۔
واضح رہے کہ کیوبا اورامریکہ کے درمیان دہائیوں سے جاری سرد جنگ اس وقت ختم ہوئی تھی جب گزشتہ سال امریکی صدراوباما تاریخی دورے پرکیوبا پہنچے تھے جوکسی بھی امریکی صدرکا 88 سال میں کیوبا کا پہلا دورہ تھا جسے دونوں ملکوں کے کشیدہ تعلقات کی فضا میں دوستی کی خوشگوار ہوا کا جھونکا قراردیا گیا تھا۔