برازیل سے فٹبالرز کو لے جانے والا طیارہ کولمبیامیں گر کر تباہ ہوگیا ہے جس میں برازیلین فٹبال کلب کے کھلاڑیوں سمیت 81 افراد سوار تھے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برازیل سے فٹبالرز کو لے جانے والا طیارہ کولمبیامیں گر کر تباہ ہوگیا ہے جس میں برازیلین فٹبال کلب کے کھلاڑیوں سمیت 81 افراد سوار تھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب جنوبی امریکی ملک بولیویا سے ایک طیارہ کولمبیا جارہا تھا کہ کولمبین شہر میڈلیئن سے 50 کلو میٹر دورپہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر طیارے میں ایندھن ختم ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔حادثے میں 5 افراد زندہ بچ گئے ہیں جن میں سے ایک برازیلین فٹبال کلب کی ٹیم کا دفاعی کھلاڑی بھی ہے،زخمیوں کو ریسکیو اداروں نے قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے اس کے علاوہ جائے حادثہ سے 25 افراد کی لاشیں بھی نکال لی گئی ہیں، باقی افراد کی ہلاکتوں کی فوری تصدیق نہیں ہوسکی ہے تاہم خدشہ ہے کہ دیگر تمام مسافر ہلاک ہوچکے ہیں۔ طیارے میں فضائی عملے سمیت 81 افراد سوار تھے جس میں سے  برازیلین فٹبال کلب کے  9 کھلاڑی بھی شامل تھے جو کہ کولمبیا میں جنوبی امریکی فٹبال کلب کا فائنل میچ کھیلنے جارہے تھے جس کا شمار جنوبی امریکہ کے دوسرے اہم ترین کلب مقابلوں میں ہوتا ہے، دوسری جانب حادثے کے بعد انتظامیہ نے میچ منسوخ کردیا ہے۔