اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ایک کمیٹی نے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کیلیے ایک قرارداد منظور کرلی ہے جس میں کہاگیاہے کہ اس سلسلے میں کسی عالمی معاہدے کیلیے بات چیت کا آغاز کیا جائے جبکہ اس قرارداد کی عالمی طاقتوں نے مخالفت کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ایک کمیٹی نے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کیلیے ایک قرارداد منظور کرلی ہے جس میں کہاگیاہے کہ اس سلسلے میں کسی عالمی معاہدے کیلیے بات چیت کا آغاز کیا جائے جبکہ اس قرارداد کی عالمی طاقتوں نے مخالفت کی ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی کمیٹی کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد پر پابندی لازم نہیں، تاہم اس سلسلے میں عالمی برادری کی ایک واضح اکثریت کی رائے ضرورسامنے آ گئی ہے جودنیا سے جوہری ہتھیاروںکاخاتمہ چاہتی ہے۔اس قرارداد کو منظور ہونے سے روکنے کیلیے عالمی طاقتوں نے زبردست لابنگ کی تاکہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اس کی مخالفت میں ووٹ ڈالیں تاہم جمعہ کواس قراردادپرہونے والی ووٹنگ میں123ممالک نے حق میں جبکہ صرف 38 ممالک نے مخالفت میں ووٹ ڈالا، برطانیہ، فرانس، روس اور امریکہ نے مخالفت کی جبکہ پاکستان، چین اور بھارت سمیت 16 ممالک نے اس قرارداد کے بارے میں اپنی رائے محفوظ رکھی۔جنرل اسمبلی میں یہ قراردادآسٹریا، برازیل، آئرلینڈ، میکسیکو، نائیجیریا اور جنوبی افریقہ نے پیش کی۔ اس قرارداد کی مخالفت میں امریکہ، روس، اسرائیل، فرانس اوربرطانیہ نے ووٹ ڈالا۔ اب یہ قرارداد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے مکمل اجلاس میں رواں برس دسمبر میں پیش کی جائے گی۔اس قرارداد میں مطالبہ کیا گیاہے کہ اگلے برس مارچ سے دنیا بھر سے جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کے کسی قانونی پابندی کے حامل معاہدے پر بات چیت کا آغاز کیا جائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کو دنیا بھر سے ختم کردیاجائے۔ جوہری ہتھیاروں کی مخالف تنظیموں نے قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔