فلسطین کی اسلامی تنظیم حماس کے اعلی رکن نے فلسطینی صدر کی طرف سے شیمون پیرز کے جنازے میں شرکت اور صہیونیوں کو تعزیت پیش کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے شرم آور قراردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو میں فلسطین کی اسلامی تنظیم حماس کے اعلی رکن محمود الزہارنے فلسطینی صدر محمود عباس کی طرف سے شیمون پیرز کے جنازے میں شرکت اور صہیونیوں کو تعزیت پیش کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شرم آور قراردیا ہے۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیل کے سابق صدر شیمون پیرز کی موت پر صہیونیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور مغربی رہنماؤں کی طرح محمود عباس نے بھی شیمون پیرز کے جنازے میں شرکت کی جس پر فلسطینی اور عرب عوام کی طرف سے محمود عباس پر شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

فلسطینی تنظیم حماس کے رہنما محمود الزہار نے مہر کے نامہ نگار سے گفتگو میں محمود عباس کے اس اقدام کو شرم آور قراردیتے ہوئے کہا کہ محمود عباس کا یہ اقدام فلسطین کی فتح تنظیم کی پیشانی پر ایک سیاہ اور بدنما داغ ہے ۔ اس نے کہا کہ جو عرب شیمون پیرز کو دوست رکھتے اور اس کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں ان کا یہ عمل قرآن مجید کی اس آیت " یاأیها الذین آمنوا لا تتخذوا الیهود والنصاری أولیاء " کے سراسر خلاف ہے ۔

محمود الزہار نے کہا کہ محمود عباس فلسطینی عوام کے نمائندے نہیں ، فلسطینی عوام نے محمود عباس کو منتخب نہیں کیا محمود عباس مغربی ممالک کی خفیہ ایجنسیون کے منتخب کردہ رہنما ہے اور اس کا فلسطینیوں سے کوئی تعلق نہیں۔ انھوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے قاتل کے ساتھ ہمدردی کرکے ابومازن محمود عباس نے فلسطینیون کی پشت میں خنجر گھونپا ہے۔

فلسطینی تنظیم حماس کے رہنما نے کہا کہ عرب رہنماؤں اور حکمرانوں میں بڑے پیمانے پر سیاسی نفاق پایا جاتا ہے اور عرب رہنماؤں کی اسلام اور مسلمانوں کے بجائے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ ہمدردیاں پائی جاتی ہیں۔