مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو میں عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے کہا ہے کہ ایران نے دہشت گردی کے خلاف عراقی عوام اور حکومت کی قابل توجہ اور بہت بڑی مدد کی ہے اور ایران ان ممالک میں شامل ہے جو دہشت گردی کے خلاف عراق کی مدد کررہے ہیں۔
عراقی اسپیکر سلیم الجبوری کل ایک اعلی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے جہاں انھوں نے سب سے پہلے ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات اور گفتگو کی۔ عراقی اسپیکر نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ، ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سکریٹری علی شمخانی اور ایرانی صدر حسن روحانی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
عراقی اسپیکر نے مہر نیوز کے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب عراق میں دہشت گردی عروج پر تھی اور وہابی دہشت گرد ہر جگہ قبضہ کررہے تھے اور رعاقی حکومت کو شدید مشکلات کا سامنا تھا تو اسو قت ایران پہلا ملک تھا جس نے بڑھ کر عراقی عوام اور حکومت کی حمایت اور مدد کی اور عراقی عوام اور عراقی حکومت ایران کی اس حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ایران کی جد وجہد کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے ۔