پاکستان کے صدرممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کے معروف قوال امجد صابری کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز کےحوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صدرممنون حسین  اور وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کے معروف قوال  امجد صابری کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں معروف قوال امجد صابری کے قتل کا نوٹس لے لیا اور واقعہ میں ملوث قاتلوں کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سکیورٹی اداروں کو واقعہ میں ملوث دہشت گردوں تک پہنچنے کےلیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے جب کہ شہر میں سکیورٹی کے انتظامات بہتر بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔

ادھر صدر ممنون حسین نے امجد صابری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ان کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر ممنون نے امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے جب کہ انہوں نے قاتلوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی کے علاقہ لیاقت آباد میں معروف قوال امجد صابری کو وہابی دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ وہابی دہشت گرد قوالی کے سخت خلاف ہیں۔