مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں اپوزیشن اراکین نے صدر ممنون حسین کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کو مایوس کن قرار دے دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدارتی خطاب پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ صدر نے گھسی پٹی باتیں کیں، انہوں نے پانامہ لیکس اور ڈرون حملوں پر کوئی بات نہیں کی، پاکستان پیپلز پارٹی کے ہی سینئر رہنما اعتزاز احسن کا صدر کے خطاب کے حوالے سے کہنا تھا کہ صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب مایوس کن تھا۔ملک میں زیر بحث اہم موضوعات پر بات نہ کرنے پر سینیٹر اعتزاز نے کہا کہ صدر نے پانامہ لیکس اور ڈرون کے معاملے پر بات ہی نہیں کی۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ صدر کے خطاب کے دوران آج تک اتنی کم حاضری کبھی نہیں ہوئی۔ مسلم لیگ (ق) کے رہنما کامل علی آغا نے ممنون حسین کے خطاب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صدر نے مسائل پر کوئی بات نہیں کی۔ کامل آغا نے مزید کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات میں کشیدگی آگئی ہے جس پر پوری دنیا تشویش کا اظہار کر رہی ہے، لیکن صدر نے اس پر تشویش کا اظہار نہیں کیا۔
اجراء کی تاریخ: 1 جون 2016 - 20:40
پاکستان میں اپوزیشن اراکین نے صدر ممنون حسین کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کو مایوس کن قرار دے دیا ہے۔