امریکہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بحیرہ جنوبی چین میں امریکی طیارے کی پرواز پر دوچینی جنگی جہازوں نے اثر انداز ہونے کی کوشش کی ، اوراس سے محض 50فٹ کی دوری سے گزر کر خطرناک انداز سے مداخلت کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بحیرہ جنوبی چین میں امریکی طیارے کی پرواز پر دوچینی جنگی جہازوں نے اثر انداز ہونے کی کوشش کی ہے اوراس سے محض 50فٹ کی دوری سے گزر کر خطرناک انداز سے مداخلت کی ہے۔ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق یہ واقعہ ہانگ کانگ کے جنوب میں سمندر کے شمالی حصے میں پیش آیا۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے اس واقعے کو غیر محفوظ مداخلت قرار دیا ہے۔امریکہ کا کہنا ہے کہ معاملے کا مزید جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وائس آف امریکہ کے مطابق امریکی فوجی عہدیدار نے بتایا کہ دو چینی جے۔11 لڑاکا طیارے امریکی جہاز ای پی-تھری ایریز کے اتنے قریب سے گزرے کہ پائلٹ کو تصادم سے بچنے کیلئے جہاز کو دو سو فٹ تک نیچے لے جانا پڑا۔حکام کے مطابق نگران امریکی طیارہ عالمی پانیوں پر معمول کی سرگرمیوں میں مصروف تھا۔