مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے تہران میں کروشیا کی صدر کولینڈا گربرکیتاروویچ کے ساتھ ملاقات میں ایران اور یورپ کے درمیان رابطہ کے سلسلے میں کروشیا کی بڑی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ میں داخل ہونے کے لئے کروشیا ایران کے لئے اہم دروازہ ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ کروشیا ایران کا دوست ملک ہے اور کروشیا کے استقلال کے بعد ایران نے کروشیا کو فوری طور پر سرکاری طور پر تسلیم کرلیا ۔ صدر روحانی نے کہا کہ کروشیا جغرافیائی لحاظ سے اہم جگہ پر واقع ہے اور یورپ میں داخل ہونے کے لئے وہ ایران کے اہم دروازہ کی حیثیت رکھتا ہے۔
اس ملاقات میں کروشیا کی صدر نے ایران کو علاقہ کا اہم اور مؤثر ملک قراردیتے ہوئے کہا کہ ایران کا علاقہ میں اہم اور کلیدی کردار ہے کروشیا ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں باہمی روابط کو فروغ دینے کا خواہاں ہے کروشیا کی صدر نے کہا کہ کروشیا یورپی ممالک کے رکن کی حیثیت سے ایران کی انرجی کو یورپی ممالک تک پہنچانے میں بھر پور تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ کروشیا کی صدر نے کہا کہ علاقہ میں کشیدگی ختم کرنے کے سلسلے میں کروشیا ایران کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔