مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی فوج کے ایک اعلیٰ افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے داعش کے گوداموں پر پے درپے فضائی حملے کر کے ان کے قبضے میں موجود 80 کروڑ ڈالر کی نقد کرنسی کو تباہ کر دیا ہے۔ عراق میں داعش کے خلاف امریکی فوجی اتحاد کی کارروائیوں اور انٹیلی جنس آپریشن کے ڈپٹی کمانڈر میجر جنرل پیٹر گیرسٹن کا کہنا تھا کہ امریکی فوج نے داعش کے نقدی رقوم والے گوداموں پر 20 مرتبہ فضائی حملے کر کے اس کے قبضے میں موجود 80 کروڑ ڈالر کی رقم تباہ کر دی تاہم اس نے اس بات کی وضاحت نہیں کہ امریکی فوج کو اس کا کیسے پتہ چلا کہ ان حملوں میں اتنی ہی نقدی رقم تباہ ہوئی۔ اس نے داعش کے خلاف ایک حملے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ عراق کے شہر موصل میں صرف ایک گودام پر حملے میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ ڈالر تباہ ہوئے۔
میجر جنرل پیٹر گیرسٹن کا کہنا تھا کہ ان کارروائیوں کے ذریعہ سے داعش دہشت گردوں میں 90 فیصد انحراف دیکھا گیا اور نئے دہشت گردوں کی آمد کا سلسلہ بھی کم ہوا۔ اس نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ ہماری کارروائیوں کی وجہ سے داعش اپنے دہشت گردوں کو رقم فراہم کرنے سے قاصر ہے، ان کے دہشت گردوں کے حوصلے پست ہورہے ہیں لڑنے کی صلاحیت کم ہو رہی ہے اور لوگ داعش چھوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔