پاکستان کے صوبہ پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے 100 کے قریب دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے دنیا نیوز کےحوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے 100 کے قریب دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ اطلاعات کےمطابق صوبہ پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن میں پولیس ، ایلیٹ فورس ، سی ٹی ڈی اور رینجرز کے 1600 اہلکار حصہ لے رہے ہیں جنہوں نے جمعرات کے روز ڈیرہ غازی خان اور گردونواح کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 100 کے قریب دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں سندھ ، بلوچستان اور پنجاب کے بارڈرز پر ناکہ بندی کرکے آرمی کی چوکیاں قائم کردی گئی ہیں جہاں پر لوگوں کی شناخت کی جارہی ہے ۔ سکیورٹی فورسز نے پنجاب سے گزشتہ 10 دنوں کے دوران 940 افراد کو گرفتار کرکے مقدمات درج کیے ہیں جبکہ بدھ کے روز بھی 800 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔