امریکی صدر باراک اوبامہ نے شمالی کوریا کے جوہری تجربات کو خطے میں امن کے لئے سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین کی مدد سے شمالی کوریا کو مستقبل میں جوہری تجربات کرنے سے روکیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر باراک اوبامہ نے شمالی کوریا کے جوہری تجربات کو خطے میں امن کے لئے سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین کی مدد سے شمالی کوریا کو مستقبل میں جوہری تجربات کرنے سے روکیں گے۔ واشنگٹن میں جاری دو روزہ ایٹمی سلامتی کانفرنس کے موقع پر امریکی صدر باراک اوبامہ نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں خطے میں امن کے لئے شمالی کوریا کی جانب سے ہونے والے حالیہ میزائل تجربات پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کی جانب سے کئے جانے والے ہائیڈروجن بم اور دور تک مار کرنے والے میزائل تجربات خطے میں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، شمالی کوریا کے جوہری تجربات کی وجہ سے خطے کے ممالک میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور امریکہ کی جانب سے شمالی کوریا پر اقصادی پابندیاں بھی ان ہی خدشات کے پیش نظر عائد کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں میں شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم اور طویل فاصلے تک جانے والے میزائل کے تجربات کیے گئے جس پر امریکہ اور چین سمیت بیشتر ممالک میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ خود بھی عالمی امن کے لئے بہت بڑا خطرہ ہے اور وہ اپنی فوجی طاقت کے ذریعہ کمزور ممالک کو دبانے کی کوشش کرتا رہتا ہے۔