اسلامی جمہوریہ ایران کے القدس بریگیڈ کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی نے فلسطینی تنظیم حماس کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ ایرانی قوم کی فلسطینیوں کے ساتھ والہانہ محبت حقیقت پر مبنی ہے فلسطین کی حمایت کے بارے میں ایران کا مؤقف ثابت ، اصولی اور اٹل ہے۔مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ ہے اور دشمن اس مسئلہ سے مسلمانوں کی توجہ ہٹانے کے لئے نت نئے مسائل پیدا کررہا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے القدس بریگیڈ کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی نے فلسطینی تنظیم حماس کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ ایرانی قوم کی فلسطینیوں کے ساتھ والہانہ محبت حقیقت پر مبنی ہے فلسطین کی حمایت کے بارے میں ایران کا مؤقف ثابت ، اصولی اور اٹل ہے۔

جنرل سلیمانی نے کہا کہ انقلاب اسلامی کے آغاز سے لیکر اب تک فلسطین کے بارے میں ایران کا مؤقف اٹل رہا ہے اور فلسطین کے بارے میں ہمارا مؤقف اپنے مفادات پر مبنی نہیں بلکہ فلسطینی عوام اور عالم اسلام کے مفادات پر مبنی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم مسئلہ فلسطن کے لئے ہر قسم کی مشکل اور مصیبت برداشت کرنے کے لئے تیار ہیں اور ایران کے خلاف دباؤ بھی  صرف مسئلہ فلسطین کی وجہ سے ہے ایران کا مؤقف فلسطین کے بارے میں فیصلہ کن اور اٹل ہے اس میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ جنرل قاسم سلیمانی نے کہا کہ اگر ایران کے خلاف دس گنا زیادہ پابندیاں بھی عائد کی جائیں تب بھی ایران  فلسطینی عوام کو تنہا نہیں چھوڑےگا۔ جنرل سلیمانی نے کہا کہ امریکہ کے بارے میں ایران کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ایران امریکہ کو مذاکرات کے پہلے بھی شیطان سمجھتا تھا اور مذاکرات کے بعد بھی شیطان سمجھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ ہے اور دشمن اس مسئلہ سے مسلمانوں کی توجہ ہٹانے کے لئے نت نئے مسائل پیدا کررہا ہے۔

جنرل سلیمانی نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے اختلافات ختم ہوجائیں گے اور سعودی عرب کے عوام کو معلوم ہوجائے گا کہ امریکہ اور اسرائیل سعودی عرب کے حامی نہیں بلکہ ایران ان کا حامی ہے اور ان لوگوں کو شکست ہوجائے گی جو دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کو ہوا دے رہے ہیں۔