مہر خبررساں ایجنسی نے رائے الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ تیونس کی النہضہ تحریک کے سربراہ راشد الغنوشی نے اسرائیل کے خلاف حزب اللہ کے دلیرانہ اور شجاعانہ مؤقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ لبنان عالم عرب اور عالم اسلام کے لئے مایہ نازاسلامی تنظیم ہے جسے کسی صورت میں دہشت گرد قرار نہیں دیا جاسکتا۔
انھوں نے کہا کہ حزب اللہ کا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں نہیں ہے۔ دہشت گرد گروہ اپنی حکومتوں اور اپنے عوام کے خلاف لڑے رہے ہیں جبکہ حزب اللہ لبنان اپنی حکومت اور لبنانی عوام کی محافظ تنظیم ہے جس نے پورے لبنان کو اسرائیل کے جارحانہ حملوں سے بچا رکھا ہے اور جس نے لبنان کی سرزمین کو اسرائیل کے غاصبانہ قبضہ سے آزاد کرالیا ہے۔
راشد الغنوشی نے کہا کہ حزب اللہ لبنان اسرائیل کے خلاف ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوارکی مانند ہے اور حزب اللہ کو دہشت گرد قراردینے والے عرب حکمراں اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں کہ وہ اسرائیل کا مقابلہ کررہے ہیں یا اسرائیل کی اطاعت اور اسرائیل کے تحفظ کا سامان فراہم کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے حامی ممالک حزب اللہ کو دہشت گرد قرار نہیں دے سکتے کیونکہ حزب اللہ کا دامن اس قسم کے بے بنیاد الزامات سے پاک و پاکیزہ ہے۔