مہر خبررساں ایجنسی نے ڈیلی پاکستان اور بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارت کے صوبہ پنجاب کے پٹھان کوٹ ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری پاکستان نواز دہشت گرد تنظیم جیش محمد نے قبول کرلی ہے جیش محمد کے لشکر طیبہ اور جماعۃ الدعوۃ کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ بھارتی ذرائع کے مطابق جیش محمد نے ایک آڈیو جاری کیا ہے جس میں نہ صرف ہوائی اڈے پر حملے کی تمام تفصیل بیان کی گئی ہے بلکہ اس واقعہ پربھارتی حکومت اور فوج کی بے بسی کا مذاق بھی اڑایا گیا ہے۔
اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق 13 منٹ پر مشتمل آڈیو ٹیپ ویب سائٹ www.alqalamionline.comپر اپ لوڈ کی گئی ہے۔اخبار کے مطابق آڈیو ٹیپ میں بھارتی دفاعی ایجنسیوں کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان سے چھ دہشت گردوں کا مقابلہ نہیں ہوسکا جبکہ اس واقعے میں ہلاک ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل نیرنجن کمار اور ماہر نشانے باز فتح سنگھ کی موت کی بھی تضحیک کی گئی ہے۔
ٹیپ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کو آخر تک یہی معلوم نہیں ہوسکا کہ حملہ آور کتنے تھے، کبھی چھ ، کبھی پانچ اور کبھی چار بتائے گئے۔ اخبار کے مطابق آڈیو ٹیپ میں پٹھان کوٹ ہوائی اڈے پر حملے کو فضائی مشن قرار دیا گیا ہے، جسے مکمل کرنے کے لئے چار حملہ آور جمعہ کی رات کو تقریباً تین بجے ائیربیس میں داخل ہوئے۔ یہ حملہ آور پوری تیاری کے ساتھ آئے تھے اور 48 گھنٹے تک بھارتی سکیورٹی فورسز کے ساتھ لڑتے رہے، اور ٹیپ میں کئے گئے دعوے کے مطا بق انہوں نے جہازوں اور ہیلی کاپٹروں پر بھی حملے کئے۔
آڈیو ٹیپ میں پاکستانی حکام کوبھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ بھارتی الزامات کو تسلیم نہ کریں، جبکہ بھارت کو بزدلوں کی طرح الزام بازی کرنے والا ملک قرار دیا گیا ہے۔
اجراء کی تاریخ: 10 جنوری 2016 - 00:37
بھارت کے صوبہ پنجاب کے پٹھان کوٹ ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری پاکستان نواز دہشت گرد تنظیم جیش محمد نے قبول کرلی ہے جیش محمد کے لشکر طیبہ اور جماعۃ الدعوۃ کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔