اجراء کی تاریخ: 8 دسمبر 2015 - 16:09

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف  ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ یہ کانفرنس افغانستان میں امن و سکیورٹی کے مقصد سے منعقد کی جارہی ہےاس کانفرنس میں 14 علاقائی ممالک کے علاوہ 17 حامی ممالک بھی شرکت کررہے ہیں۔ اس کانفرنس کے ضمن میں ایرانی وزير خارجہ ،پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز، تاجیکستان کے وزير خارجہ اور چین کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ ہارٹ آف ایشیا تنظیم 2011 ء میں قائم کی گئی اور اس کا ایک ہی مقصد پر امن ، مستحکم اور خوشحال افغانستان ہے۔ تنظیم کے 14 رکن ہیں جن میں پاکستان ، افغانستان، روس، چین ، بھارت ، سعودی عرب ، ایران ، آذربائیجان، قزاقستان، قیرقیزستان، تاجیکستان، ترکی، ترکمانستان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ کانفرنس میں افغانستان کی سکیورٹی اور معیشت کی بہتری ، ہمسایہ ممالک سے انٹیلیجنس شیئرنگ ، انسداد دہشت گردی،انسداد منشیات،غربت کے خاتمے، تعلیم اور انفراسٹرکچر جیسے معاملات پر علاقائی تعاون پر بات کی جائے گی ۔ کانفرنس میں بھارت ، چین، تاجیکستان، قیرقیزستان، ایران، اور افغانستان کے وزرائے خارجہ جبکہ آذر بائیجان، قزاقستان، روس، سعودی عرب، ترکی، ترکمنستان اور متحدہ عرب امارات کے اہم نمائندے شرکت کر رہے ہیں ۔