امریکی صدر براک اوبامہ کا کہنا ہے کہ ہماری کسی مذہب سے جنگ نہیں لیکن دہشت گرد تنظیم داعش کو تباہ کرنا ہمارا حقیقی مقصد ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر براک اوبامہ کا کہنا ہے کہ ہماری کسی مذہب سے جنگ نہیں لیکن دہشت گرد تنظیم داعش کو تباہ کرنا ہمارا حقیقی مقصد ہے۔ ملائشیا کے دارالحکومت کوالا لمپور میں آسیان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے براک اوبامہ کا کہنا تھا کہ شام میں روس کے حملوں سے داعش کو مدد ملی، روس شام میں سیاسی طریقے سے تبدیلی پر رضا مند ہے لیکن ماسکو کو دمشق میں اپنی ترجیحات طے کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شام میں نئی سیاسی حکومت کی ضرورت ہے، بشارالاسد کو اقتدار چھوڑنا ہو گا، بشار الاسد مخالفین کو شکست دے کر یہ جنگ نہیں جیت سکتے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہماری جنگ کسی مذہب سے نہیں ہے، تمام مسلمان نہیں ایک چھوٹا سا گروہ دہشت گرد ہے، مٹھی بھر دہشت گرد پوری دنیا کو یرغمال نہیں بنا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ داعش کو مالی معاونت کی فراہمی ہرصورت روکنا ہو گی۔