اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے وزارت خارجہ کے عہدیداروں اور بیرون ملک تعینات ایران کے سفیروں اور سیاسی نمائندوں کے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی وزارت خارجہ میں اصولوں سے پسپائی کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے وزارت خارجہ کے عہدیداروں اور بیرون ملک تعینات ایران کے سفیروں اور سیاسی نمائندوں کے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی وزارت خارجہ میں اصولوں سے پسپائی کی کوئی جگہ نہیں ہے- ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں ایرانی سفارتکاروں کا احترام ایرانی عوام کی عظمت کا احترام ہے- انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس نظام کے اہداف کی تکمیل کے لئے ایران کے نمائندوں کی حیثیت سے ایرانی سفیروں کا کردار بہت ہی اہم ہے -انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کو چاہئے کہ وہ اپنے دانشمندانہ اقدامات کے ذریعے اپنے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے دنیا کے ملکوں کےساتھ زیادہ سے زیادہ تعلقات کی بہتری کا راستہ کھولے اور منطق و استدلال کے ذریعے دنیا میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حقیقی تصویر پیش کرے- صدر مملکت نے وزارت خارجہ کو قومی خودمختاری، منطق اور طاقت کا مظہر قراردیا اور کہا کہ اس وزارت خانے کے ارکان جتنے زیادہ تجربہ کار اور ان کی سرگرمیاں جتنی زیادہ دانشمندانہ ہوں گی اور ان کے پروگرام اسلامی نظام کے اہداف اورعالمی حقائق کی بنیاد پرجتنے زیادہ پورے ا ترتے ہوں گے اورساتھ ہی ان کے بیانات اوراقدامات رائےعامہ سے جتنے زیادہ مطابقت رکھتے ہوں گے، اتنا ہی زیادہ بہتر طریقے سے وہ اپنے مقاصد حاصل کرسکیں گے۔